جامعہ مدرسین کا یمن کے وزرا کے قتل عام پر مذمتی بیان:

صہیونی جرائم یمنی عوام کے عزم و استقامت کو متزلزل نہیں کر سکتے

جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے اپنے ایک بیان میں صنعاء پر صہیونی جارحیت اور یمن کے وزیراعظم، وزرا اور متعدد اعلیٰ حکومتی شخصیات کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز جرم قرار دیا ہے۔

ID: 83985 | Date: 2025/09/02

جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے اپنے ایک بیان میں صنعاء پر صہیونی جارحیت اور یمن کے وزیراعظم، وزرا اور متعدد اعلیٰ حکومتی شخصیات کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز جرم قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کا یہ بزدلانہ حملہ یمن کے مظلوم لیکن بہادر عوام کی حق پسندی اور استقامت کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتا۔ یمنی قوم اسرائیل کے خلاف اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں ہمیشہ کی طرح میدان میں ثابت قدم اور باعزت انداز میں کھڑی ہے اور خدا کے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی، یہاں تک کہ حتمی کامیابی حاصل ہو گی۔

جامعہ مدرسین نے اپنے بیان میں صہیونی حکومت کو ایک "کمزور اور سرگرداں" نظام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جرائم اس کی طاقت کی علامت نہیں بلکہ اس کے زوال اور رسوائی کی نشانیاں ہیں۔ ان درندہ صفت اقدامات سے اسرائیل مزید بحرانوں میں گھِر جائے گا اور اپنی تباہی کے قریب تر ہو گا۔

بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ خدا نے اپنے راستے کے مجاہدوں کی نصرت کا وعدہ کیا ہے، اور بالآخر یمن کے مظلوم مگر شجاع عوام عزت و عظمت کے ساتھ کامیابی کی منزل پر پہنچیں گے۔