ہمیں شخصیات پر انحصار نہیں بلکہ نظریاتی بنیادوں کو مضبوط کرنا چاہیے:سید علی خمینی
امام خمینی پورٹل کی رپورٹ کے مطابق امام خمینیؒ کے پوتے حجت الاسلام والمسلمین سید علی خمینی نے کہا ہے کہ حکام کوشخصیت پر انحصار کے بجائے اپنے نظریاتی اور فکری اصولوں کو مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نظریاتی بنیادیں کمزور ہوں تو محض تقریبات یا جلسوں سے کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔
سید علی خمینی نے تہران یونیورسٹی میں شہید نصراللہ اور طوفان الاقصی کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی سورہ آلِ عمران کی آیت ۱۴۴ جنگِ احد کا ایک سبق آموز واقعہ بیان کرتی ہے، جہاں مسلمانوں کو ابتدائی کامیابی کے بعد اندرونی کمزوریوں کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہماری صورتحال اسی طرح ہے ہمیں اپنی کمزوریوں کو پہچاننا ہوگا اور دشمن کی موقع شناسی پر مسلسل نظر رکھنی ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ افواہوں کا کردار ماضی کی طرح آج بھی بہت خطرناک ہے، جو معاشروں کو اندر سے کھوکھلا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات کمزور دل رکھنے والے افراد مشکل وقت میں پیچھے ہٹ جاتے ہیں، اور ایسے میں ان مجاہدوں کی عظمت ظاہر ہوتی ہے جو آخری لمحے تک ڈٹے رہتے ہیں۔
سید علی خمینی نے مزید کہا کہ دشمن ہماری میدانِ جنگ کی ناکامیوں کو فکری یا نظریاتی شکست میں بدلنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اگر ہماری فکری بنیادیں مضبوط ہوں تو کوئی شکست مستقل نہیں رہتی۔
انہوں نے کہا"ہمیں شخصیات پر تکیہ نہیں کرنا چاہیے۔ اگر بنیاد مضبوط ہو تو کسی فرد کے چلے جانے سے نظام نہیں ٹوٹتا۔ حزب اللہ اور خود ہمارے ملک کی مثالیں اس کی واضح دلیل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طاقتِ کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ دشمن کو معلوم ہو کہ اگر وہ حملہ کرے گا تو جواب ضرور پائے گا۔امام خمینیؒ کے پوتے نے نوجوان نسل کو نظریاتی تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ:"ہم نے اپنی فکری بنیادوں کے حوالے سے کوتاہی کی ہے۔ ہمیں مطہری اور بہشتی جیسے مفکرین کی طرح لوگوں سے بات کرنی ہوگی اور نظریاتی استحکام پیدا کرنا ہوگا۔ اگر ہمیں اس بات کا علم ہو جائے کہ ہم امریکہ کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں اور صہیونی رژیم سے نفرت کیوں رکھتے ہیں، تو ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ استکباری طاقتوں کا اصل مقصد اسلام، اتحادِ امت اور خطے کے ممالک کو کمزور کرنا ہے۔ اسرائیل کے حالیہ اقدامات بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں، لیکن ان کی کوششیں ناکام رہیں۔ سید علی خمینی نے تاکید کی کہ وہی عوامل جو ماضی میں کامیابی کا باعث بنے، آج بھی ہمیں فتح کی راہ پر رکھ سکتے ہیں۔