امام خمینیؒ نے دین کو انسانی زندگی کا بنیادی عنصر قرار دیا

ID: 84634 | Date: 2025/11/10

امام خمینیؒ نے دین کو انسانی زندگی کا بنیادی عنصر قرار دیا، رہبر انقلاب اسلامی


امام خمینی پورٹل کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے 2006ء میں اپنے ایک تاریخی خطاب میں انقلابِ اسلامی کے بانی امام خمینیؒ کی غیر متزلزل ایمان، بصیرت اور عزم و استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینیؒ نے خالص اور پختہ ایمان کے سہارے، مشکلات اور دھمکیوں کے باوجود، میدان میں قدم رکھا اور دین کو انسانی زندگی کا بنیادی ستون قرار دیا۔


آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اُس دور میں دین پر مبنی نظامِ حکومت کی بنیاد رکھی جب مذہب کو صرف انفرادی معاملات تک محدود سمجھا جاتا تھا۔ اُن کے پختہ عزم اور دوراندیشی نے ایک ایسی حقیقت کی بنیاد رکھی جو آج اس قدر مضبوط ہو چکی ہے کہ بڑی طاقتیں اپنی تمام تر سازشوں اور کوششوں کے باوجود اس کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔


رہبر انقلاب نے فرمایا کہ استکباری طاقتوں کی دشمنی دراصل اسلامی نظام نہیں بلکہ امام خمینیؒ کے افکار و نظریات کے خلاف ہے۔ امام کی وفات کے سترہ برس بعد بھی ان کی شخصیت اور ان کے نظریات دشمنوں کے حملوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔



انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ کے افکار و نظریات آج بھی دنیاۓ اسلام میں زندہ ہیں، اور مختلف اسلامی ممالک میں ایرانی حکام کے دوروں کے دوران مسلمان عوام کی محبت و عقیدت اس بات کی علامت ہے کہ امام کے افکار نے عالمِ اسلام میں گہری جڑیں پکڑ لی ہیں۔



رہبر انقلاب اسلامی نے زور دیا کہ امام خمینیؒ کے کلمات، پیغامات اور وصیت نامہ اُن کے نظریات کا واضح اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ امام کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، انہیں اپنے طرزِ عمل سے اس وفاداری کو ثابت کرنا چاہیے۔ امام کی پیروی کا دعویٰ کرتے ہوئے مغربی سرمایہ دارانہ نظام سے وابستگی یا ذاتی مفاد کے حصول کی کوششیں امام کے راستے سے انحراف ہیں۔