"انقلاب اسلامی" ملت ایران پر خداوند کریم کا خاص لطف و کرم تھا

آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا: آیت کریمہ «هُوَ الَّذِی أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَی وَدِینِ الْحَقِّ لِیُظْهِرَهُ عَلَی الدِّینِ کُلِّهِ وَلَوْ کَرِهَ الْمُشْرِکُونَ» ان آیات میں سے ایک ہے جن سے قرآن کریم میں مسئلہ مہدویت پر استدلال کیا جاتا ہے۔

ID: 85195 | Date: 2026/01/30

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ محمدجواد فاضل لنکرانی نے مرکز فقہی ائمہ اطہار (ع) قم میں ایام ولادت باسعادت حضرت حجت بن الحسن عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی مناسبت سے صوبہ گلستان کے اساتذہ اور طلاب کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا: "انقلاب اسلامی" ملت ایران پر خداوند کریم کا خاص لطف و کرم تھا۔


 


انہوں نےکہا: امید ہے کہ ہم میں سے ہر ایک امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کا حقیقی سپاہی بنے اور ان کی رضا کا مستحق قرار پائے۔ ہمارے اعمال، ہمارے اقوال، ہمارے افکار اور ہماری سوچیں سب اس حضرت کی دعا کے ذریعے نورانی ہوں اور خداوند متعال اس راہ میں ہماری توفیقات میں اضافہ فرمائے۔


 


آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا: آیت کریمہ «هُوَ الَّذِی أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَی وَدِینِ الْحَقِّ لِیُظْهِرَهُ عَلَی الدِّینِ کُلِّهِ وَلَوْ کَرِهَ الْمُشْرِکُونَ» ان آیات میں سے ایک ہے جن سے قرآن کریم میں مسئلہ مہدویت پر استدلال کیا جاتا ہے۔ اصولاً امامت اور مہدویت کے موضوع پر قرآن کریم کی آیات دو قسم کی ہیں: بعض آیات کی دلالت روایت کی محتاج ہوتی ہے یعنی آیت کے ساتھ حدیث کا ہونا ضروری ہے تاکہ اس کا مقصود واضح ہو اور بعض دیگر آیات ایسی ہیں جو کسی روایت کے ضمیمے کے بغیر خود بخود اس موضوع پر واضح دلالت کرتی ہیں۔


 


انہوں نے مزید کہا: یہ آیت کریمہ جو قرآن میں تین مقامات پر سورہ صف، سورہ توبہ اور سورہ فتح میں آئی ہے، مہدویت کے مسئلے کو بخوبی روشن کرتی ہے اور ہم اس کے ذریعہ کسی حد تک روحانیت و معنویت کے مقام کو بھی سمجھ سکتے ہیں۔


 


جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن نے کہا: امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ نے انقلاب اسلامی کے آغاز میں فرمایا تھا کہ: اسلام کو کبھی بھی اتنے دشمنوں کا سامنا نہیں رہا جتنا آج ہے۔ صرف فوجی دشمن نہیں بلکہ اعتقادی دشمن بھی پوری قوت کے ساتھ موجود ہیں۔ گزشتہ دو صدیوں خصوصاً پچاس برسوں میں انسانیت اور عالم اسلام میں کتنے انحرافی مذاہب وجود میں آئے ہیں اس پر غور کرنا ضروری ہے۔ ان تمام تحریکوں کا ایک اہم ہدف یہ ہے کہ اسلام کو عملی میدان سے خارج کر دیا جائے۔ ایسے حالات میں امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ جیسی عظیم اور بے مثال شخصیت کا ظہور ہوتا ہے جو خداوند کی خاص عنایات میں سے تھا جو انسانیت، اسلام اور تشیع کے لیے، حوزات علمیہ کے لیے اور ایران کے لیے عطا ہوا اور جس نے دین کی جامعیت کا ایک گوشہ بشر کے سامنے نمایاں کر دیا۔


 


انہوں نے مزید کہا: انقلاب اسلامی ملت ایران پر خداوند کی خاص عنایت تھی جس نے دین کو میدان میں اتارا لہٰذا ہم سب اگر اس الٰہی غایت ﴿لِیُظْهِرَهُ عَلَی الدِّینِ کُلِّهِ﴾ کے زمرے میں آنا چاہتے ہیں تو اس کے مقابل ہماری سنگین ذمہ داری بنتی ہے۔