آیت اللہ سیستانی: دشمن، شیعہ سنی تفرقہ اندازی کے علاوہ، شیعہ مسلمانوں کے باہمی اتحاد کو بھی کمزور کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔
تسنیم کے مطابق، عالم اسلام کا بزرگ مجتہد و مرجع تقلید شیعیان جہان آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی نے کہا ہےکہ پاکستان، امریکی مداخلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے جس کا مقابلہ کرنے کےلئے اس ملک میں قومی اتحاد کی تشکیل ضروری ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ پاکستانی عوام اپنے اندر اتحاد و اتفاق کو مضبوط کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغریہ علم و عمل کے ایک وفد سے ملاقات میں بیان فرمایا ہے۔
آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ میں ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے معاملات سے باخبر رہتا ہوں اور ان کی ترقی اور بہتری کےلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے مزید کہا: پاکستان، امریکی مداخلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور اس کا حل یہ ہےکہ پاکستانی عوام اپنے اندر اتحاد پیدا کرلے اور بیرونی قوتوں سے مقابلہ کےلئے پاکستان کو قومی اتحاد تشکیل دینے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ علم ایک سرمایہ ہے اور پاکستانی ملت کو اپنے بچوں کو جدید علم کے ساتھ ساتھ، اسلامی علوم، اخلاقیات اور اقدار سے آشنا کروانے کےلئے بھی کوشیش کرنی ہوگی۔
آیت اللہ نے تاکید کی کہ دشمن، شیعہ سنی کے درمیان تفرقہ اندازی کے علاوہ، شیعہ مسلمانوں کے باہمی اتحاد کو بھی کمزور کرنے کی کوششیں کررہا ہے، لہذا اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ کسی کو بھی دشمن کی سازش کو کامیاب بنانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔