یمن

ایران کیجانب سے یمن کے اندر جارح سعودی اتحاد کے تازہ جنگی جرائم کی پرزور مذمت

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا

ایران کیجانب سے یمن کے اندر جارح سعودی اتحاد کے تازہ جنگی جرائم کی پرزور مذمت

 

اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے جارح سعودی فوجی اتحاد کے جنگی طیاروں کی جانب سے یمن کے شہروں الحجہ اور الجوف میں ایک شادی کی تقریب کے نشانہ بنائے جانے سمیت متعدد جرائم، جن میں کم از کم 25 بیگناہ یمنی خواتین و بچے شہید ہو گئے تھے، کی شدید مذمت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جارح سعودی فوجی اتحاد کے اس ہولناک حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یمن کے اندر جارح سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے انجام دیئے جانے والے جنگی جرائم بین الاقوامی برادری کی طرف سے اختیار کردہ مکمل خاموشی اور اقوام متحدہ کی مکمل غیر جانبداری میں پایہ تکمیل تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کے اندر سعودی جنگی طیاروں کی طرف سے انجام پانے والے جنگی جرائم کو روکنے کے لئے ہر ممکن طریقہ استعمال کریں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جارح سعودی قوتوں کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک سعودی عرب کو تباہ کن بموں اور اسلحے فراہم کر کے یمنی بچوں و خواتین کے خاک و خون میں لت پت کئے جانے کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک سعودی عرب کے ان جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جارح سعودی فوجی اتحاد کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک کو ان جنگی جرائم میں اپنی شراکتداری پر عالمی برادری کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے۔

 ایرانی وازارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے یمن کے اندر انجام پانے والے جارح سعودی اتحاد کے جنگی جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جرائم ایک ایسے وقت میں انجام پا رہے ہیں جب امریکی دباؤ اور سعودی ریالوں کے باعث اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی عرب کو "بچوں کے حقوق پائمال کرنے والی حکومتوں کی فہرست" سے خارج کر دیا جا چکا ہے۔ سید عباس موسوی نے اپنی گفتگو کے آخر میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے مذکورہ بالا فیصلے میں نظر ثانی کرتے ہوئے یمن پر ہونے والے حملوں کو فی الفور رکوائے اور یمن کے اندر موجود غیر فوجی یمنی شہریوں بالخصوص خواتین و بچوں کی جانوں کی حفاظت کی خاطر سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔

ای میل کریں