انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی عوام کی دین اور مرجعیت سے وابستگی کا نتیجہ ہے

انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی عوام کی دین اور مرجعیت سے وابستگی کا نتیجہ ہے

امام جمعہ نجف اشرف نے کہا کہ جو لوگ اللہ پر توکل کرتے ہیں، وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام و المسلمین سید صدرالدین قبانچی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کو 46 سال ہو چکے ہیں، جس میں عوام نے اپنی خواہشات اور ارادوں کو عملی جامہ پہنایا۔

 انہوں نے نجف اشرف کے حسینیہ اعظم فاطمیہ میں نماز جمعہ کے خطبے میں کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب عوام دین سے وابستہ ہوتے ہیں تو وہ کامیاب ہوتے ہیں اور جب وہ مرجعیت پر اعتماد کرتے ہیں تو ترقی حاصل کرتے ہیں۔

 امام جمعہ نجف اشرف نے کہا کہ جو لوگ اللہ پر توکل کرتے ہیں، وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں، کیونکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق اللہ کی مدد ان کے ساتھ ہوتی ہے جو دین کی سر بلندی کے لیے کوشاں ہوتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کے کی گریجویشن کی تقریب کا عتبات عالیات میں انعقاد ایک خوبصورت اور شاندار منظر ہے۔ ہم علمی اداروں اور مقدس مقامات کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان تاریخی لمحات پر طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

 انہوں نے عراق کی ایک معذور اور کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والی طالبہ کی ٹکوانڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کو اسلامی فکر میں خواتین کے مقام کا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ اسلام کا نظریہ "محرومی اور پس ماندگی" کے بجائے "شراکت اور عفت" کو فروغ دیتا ہے۔

 انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث نقل کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا کا صرف ایک دن باقی رہ جائے، تب بھی اللہ اسے طول دے گا یہاں تک کہ میرے اہل بیت میں سے ایک فرد قیام کرے گا اور دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دے گا، جیسے وہ ظلم سے بھر چکی ہوگی۔

 حجت الاسلام قبانچی نے کہا کہ ہمیں تین چیزوں پر یقین رکھنا چاہیے: پہلی یہ کہ ہماری فتح یقینی ہے، دوسری یہ کہ دین غالب ہوگا اور باقی تمام منصوبے ناکام ہوں گے، اور تیسری یہ کہ ہمیں تماشائی نہیں بلکہ عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔

 انہوں نے آخر میں کہا کہ اگر مرجعیت کا فتویٰ نہ ہوتا تو عالمی طاقتیں کامیاب ہو جاتیں، عراق ختم ہو جاتا، خطے کا نقشہ بدل جاتا اور اسلامی دنیا میں اموی حکومت کی واپسی ممکن ہو جاتی۔

ای میل کریں