تحریر: تصور حسین شہزاد
ایران انقلاب اسلامی کی 46ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ آج ایران کہاں کھڑا ہے، اقتصادی پابندیوں، امریکی سازشوں، دشمن کی مکاریوں، جنگیں مسلط کرنے سے لیکر اردگرد آگ کے الاؤ روشن کرنے کے باوجود دشمن انقلاب کی ترقی کی روک سکا ہے، نہ انقلاب کو کمزور کرسکا ہے، بلکہ انقلاب آئے روز مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا اور آج انقلاب اسلامی اپنی چھیالیسویں سالگرہ منا رہا ہے۔ اپنے تو اپنے غیر بھی ایران کی اس ترقی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ مغرب اور ایران مخالف ممالک کا میڈیا بھی مجبور ہوگیا ہے کہ ایران کی ترقی کے پہلووں کو نمایاں کرے۔ انقلاب روشنی ہے اور روشنی کو چھپایا نہیں جا سکتا ہے۔ انقلاب خوشبو ہے اور خوشبو چھپ نہیں سکتی۔
مختلف مغربی ذرائع ابلاغ نے ایران کی کامیابیاں بیان کی ہیں۔ ذیل میں قارئین کیلئے ایران کی ترقی کے وہ چند پہلو پیش کئے جا رہے ہیں، جس کا اعتراف دشمنوں نے کیا ہے، جبکہ ایران اس سے بھی کئی درجے آگے ہے اور ایک مضبوط قوت کے طور پر مشرق وسطیٰ میں کھڑا ہے۔ برطانیہ کی بین الاقوامی خبر ایجنسی ’’ایران انٹرنیشنل‘‘ کے مطابق ایران دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے۔ ایران دنیا کی چار طاقتور ترین بحری افواج میں شامل ہے۔ ایران دنیا کے چند ممالک میں سے ایک ہے، جو سمندری جہاز تیار کرتا ہے اور دنیا کا طاقتور ترین سنگل شاٹ رائفل "باهر" تیار کرنیوالا ملک ہے۔ ایران دنیا کے چند ممالک میں سے ایک ہے، جو جنگی جیٹ طیارے (کوثر) تیار کرتا ہے۔ ایران امریکہ کے بعد ہائی ایلٹیٹیوڈ سولر اسٹریٹجک ہوائی جہاز بنانیوالا دوسرا ملک ہے۔ ایران خلا میں جاندار بھیجنے والا چھٹا ملک ہے۔
ایران دنیا کے جدید ترین جاسوسی ڈرون کو نشانہ بنانے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ ایران مشرق وسطیٰ میں طب کا مرکز ہے۔ ایران نینو ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کا چوتھا ملک ہے۔ سٹیم سیل ریسرچ کے میدان میں دنیا کا تیسرا ملک ہے۔ ایران کے پاس دنیا کا تیسرا بہترین عضو پیوند مرکز ہے، جس کی ایک مثال شیراز کا نمازی ہسپتال ہے۔ ایران ذیابیطس کے زخموں کے علاج کیلئے "این جی پارس" اور ایڈز کو کنٹرول کرنیوالی دوا "آیمود" تیار کرنیوالا دنیا کا واحد ملک ہے۔ ایران ترقی اور جدت کے میدان میں دنیا کا تیز ترین ملک ہے۔ ایران کے پاس دنیا کی دوسری طاقتور سائبر فوج ہے، اکانومسٹ کی رپورٹ میں اس کی تفصیل شائع کی گئی ہے۔ ایران دنیا کا سب سے بڑا میتھانول پروڈیوسر ہے۔ ایران پتھر سے کاغذ بنانے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔
ایران دنیا کا واحد ملک ہے، جو ہائی فریکوئنسی الیکٹرک سرجیکل ڈیوائس تیار کرتا ہے۔ ایران دنیا کے 227 ممالک میں سے 37 ویں نمبر پر ایک بڑا برآمد کنندہ ملک ہے، جیسا کہ عالمی اقتصادی پالیسی کے شعبے کی رپورٹ میں تفصیلاً اس کا جائزہ پیش گیا ہے۔ ایران لینیر ایکسلریٹر ریڈییشن ڈیوائس بنانیوالا دنیا کا دوسرا ملک ہے۔ ایران ایکواکلچر کے میدان میں مشرق وسطیٰ میں پہلے اور دنیا میں 18 ویں نمبر پر ہے۔ ایران لیزر ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کے 5 ممالک میں شامل ہے۔ ایران انسانی ترقی کے اشاریئے میں ترقی کے لحاظ سے دنیا کا تیز ترین ملک ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹ میں بتایا گیا ہے۔ ایران بانجھ پن کے علاج کے میدان میں دنیا کے جدید ترین ممالک میں شامل ہے۔ ایران سٹیم سیل ریسرچ کے میدان میں دنیا کے 15 ممالک میں شامل ہے۔
یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق ایران غیر ملکی طلبہ کو قبول کرنے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے تیز ترین ملک ہے۔ ایران کے جوہری سائنسدانوں نے ایک قسم کی الجی تیار کی ہے، جس کی ہر گرام قیمت 390 ڈالر ہے، یعنی فی کلو تقریباً 390,000 ڈالر، آپ خود حساب لگا سکتے ہیں کہ یہ فی کلو کتنے ارب تومان بنتا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ایران اپنی سرزمین پر منشیات کیخلاف جنگ کرنے والا پہلا ملک ہے۔ ایران دنیا کے سخت ترین اور وسیع پیمانے پر پابندیوں کے باوجود دنیا کا سب سے لچکدار، مزاحم اور ترقی پذیر ملک ہے۔ ایران دنیا کا سب سے بڑا میتھانول پروڈیوسر ہے۔ ایران دنیا کا واحد ملک ہے، جس کی حکومت کا نظام 98 فیصد ووٹوں کیساتھ اسلامی جمہوریہ کے طور پر طے کیا گیا ہے، جو بہت سے ممالک کیلئے ایک مثال ہے۔
ایران دندان سازی کے میدان میں دنیا کے 12 ممالک میں شامل ہے اور امریکہ اس میدان میں ایران سے بہت پیچھے ہے۔ ایران ان ممالک میں شامل ہے، جو اپنی 95 فیصد ادویات خود تیار کرتا ہے۔ اگر کچھ کمی ہے تو وہ صرف 5 فیصد ادویات میں ہے۔ انگلینڈ کے اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق ایران سیاسی، فوجی اور اقتصادی طاقت کے لحاظ سے دنیا کا تیرہواں ملک ہے۔ ایران اقوام متحدہ کے چارٹ کے مطابق زندگی کی امید میں اضافے کے لحاظ سے دنیا کا تیز ترین ملک ہے۔ دشمن طاقتوں نے ایرانی قوم کو کمزور اور متزلزل کرنے کیلئے اس کیخلاف شدید ترین پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ خود امریکی حکمرانوں کے بقول یہ پابندیاں مفلوج کر دینے والی پابندیاں ہیں۔ ایران سے جوہری معاہدہ کرکے پھر اس کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ آج ایران نے دشمن کی تمام تر پابندیوں کو شکست دیدی ہے۔
ایران ایف اے ٹی ایف کے بغیر تیل بیچ رہا ہے اور اس سے حاصل ہونیوالی آمدن وصول کر رہا ہے۔ ایران کی موجودہ حکومت نے پروڈکشن بڑھانے اور ملک کو اقتصادی میدان میں مضبوط بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔ ایسے تمام کارخانوں کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے، جو خسارے کی وجہ سے رکے ہوئے تھے۔ آج ایران کو دشمن کی دھمکیوں کی ذرہ برابر پرواہ نہیں۔ آج ایران خود مختاری اور آزادی کی برکت سے علم کی بلند چوٹیاں سر کرچکا ہے اور مختلف علمی شعبوں میں اس کا شمار دنیا کے پہلے 10 ممالک میں ہوتا ہے۔ علم کے میدان میں تیز رفتار ترقی اس بات کا باعث بنی ہے کہ دشمن ایرانی دانشوروں اور سائنسدانوں کی ٹارگٹ کلنگ پر اتر آئے۔ دفاعی شعبے میں ایران کی ترقی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ ایران کے دشمن بھی اس کا اعتراف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے بقول ایران "ڈیٹرنس" کے مرحلے سے عبور کرکے "پہلے اقدام انجام دینے" کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔