انقلاب امام خمینی(رح) ظہور امام مہدی (عج) کی راہ ہموار کرنے والا نظام ہے

انقلاب امام خمینی(رح) ظہور امام مہدی (عج) کی راہ ہموار کرنے والا نظام ہے

آیت‌الله موسوی نے بیان کیا کہ اسلام میں ایک مخصوص سیاسی نظام موجود ہے، جس میں ائمہ معصومین علیہم‌السلام کو بنیادی حیثیت حاصل ہے

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے معروف حوزہ علمیہ کے استاد آیت‌الله سید یاسین موسوی نے عصر غیبت میں شیعہ سیاسی فقہ میں ہونے والی تبدیلیوں کا تجزیہ کرتے ہوئے امام خمینیؒ کے اسلامی حکومت کے قیام میں کلیدی کردار پر زور دیا۔

 

مدرسہ امام خمینیؒ نجف اشرف میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ اور امام مہدی (عج) کے یوم ولادت کی مناسبت سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ سیاسی فقہ، غیبت کے دور میں طویل عرصے تک نظرانداز رہی، لیکن صفوی حکومت کے قیام کے بعد اس پر دوبارہ غور و فکر کا آغاز ہوا، اور اس موضوع پر ولایت فقیہ کے حوالے سے مباحث کھلے۔

 

آیت‌الله موسوی نے بیان کیا کہ اسلام میں ایک مخصوص سیاسی نظام موجود ہے، جس میں ائمہ معصومین علیہم‌السلام کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ان کے مطابق، ائمہ کو تکوینی، تشریعی اور حکومتی ولایت حاصل ہے، اور حکومت صرف انہی کے لیے مخصوص ہے یا پھر ان کے مقرر کردہ افراد کے لیے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ شیعوں کے نزدیک دو نظریات ہیں؛ ایک یہ کہ ائمہ معصومین علیہم السلام نے حکومت اس لیے قائم نہیں کی کیونکہ ان کے پاس وسائل نہیں تھے، جبکہ دوسرا نظریہ یہ ہے کہ ائمہ کرام حکومت قائم کرنا چاہتے تھے، مگر ظالم حکمرانوں نے انہیں اس کا موقع نہ دیا اور انہیں شہید کر دیا۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخ میں کچھ علمائے شیعہ نے حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کی، جیسے شیخ کاشف الغطاء نے وہابیوں کے خلاف لشکر تیار کیا، اور شیخ الشریعة اصفہانی نے نجف میں برطانوی افواج کے خلاف مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں انگریز فوج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

 

آیت‌الله موسوی کے مطابق، ولایت فقیہ کا تصور غیبت صغری کے دور سے موجود تھا اور کئی شیعہ حکومتیں جیسے آل بویہ، حمدانیان، فاطمیون اور علویان طبرستان اسی نظریے کے تحت وجود میں آئیں، لیکن وہ مکمل اسلامی حکومتیں نہیں تھیں کیونکہ ان کے حکمران امام معصوم (ع) یا ان کے خاص و عام نائبین نہیں تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں واحد مکمل اسلامی حکومت، امام خمینیؒ نے قائم کی، جو براہِ راست امام معصوم (ع) سے منسوب ہے، کیونکہ یہ توقیع امام "و اما الحوادث الواقعة فارجعوا فیها إلی رواة احادیثنا" کی بنیاد پر تشکیل دی گئی ہے۔

 

آیت‌الله موسوی نے کہا کہ امام خمینیؒ کے قیام کردہ اسلامی نظام کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اس کے رہبر کو عادل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت امام مہدی (عج) کے ظہور کے لیے ایک بنیاد فراہم کر رہی ہے، کیونکہ اس کے بعد سے علمی حلقوں میں امام مہدی (عج) کا تذکرہ عام ہو گیا ہے، جو اس سے پہلے ایک حد تک مغفول تھا۔

ای میل کریں