ارنا – صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے امیر قطرکے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی میں، دوست اور برادر ملک قطر کو خاص حیثیت حاصل ہے
ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ 19 فروری کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ملکوں کے حکام کی مسلسل ملاقاتیں ان کے تاریخی، اقتصادی، اور ثقافتی رابطوں نیز علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں نظریاتی قربتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ پڑوسی اور علاقائی ملکوں کے ساتھ اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، فوجی اور سیکورٹی روابط میں توسیع اور تقویت اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی پالیسی ہے اور اس درمیان دوست اور برادر ملک قطر کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
انھوں نے بتایا کہ برادر محترم امیر قطر سے دوجا نبہ موضوعات، مشترکہ مفادات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیل کے ساتھ گفتگو ہوئی اور باہمی روابط میں توسیع اور استحکام نیز باہمی تعاون کی نئی راہوں کے حوالے سے بہت اچھے فیصلے کئے گئے۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ علاقے کے ممالک، اچھی ہمسائگی، باہمی احترم اور تعمیری تعاون کے ذریعے، علاقے کی سلامتی اور استحکام کے لئے اہم قدم اٹھا سکتے ہیں اور مشترکہ تعاون کی راہیں ہموار کر سکتے ہیں۔
صدر ایران نے بتایا کہ انھوں نے امیر قطر کے ساتھ اس ملاقات میں، شام کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کے تحفظ نیز عوام کے حق خود ارادیت پر زور دیا ۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس پریس کانفرس میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لئے قطر کی ثالثی کی کوششوں کی قدردانی بھی ضروری ہے۔
انھوں نے بتایا کہ امیر قطر سے ملاقات میں ، غزہ کے عوام کے درد وغم کو کم کرنے اور مشکلات دور کرنے نیز ان کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کا سلسلہ روکنے کے لئے، اسلامی ملکوں کی متحدہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
صدر ایران نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ علاقے اور دنیا کی سبھی حکومتوں اور اقوام کو انسانی اقدار کی بنیاد پر فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام کا دفاع اور اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ وہ اپنی تاریخی آبائی سرزمین میں محفوظ اور پر امن زندگی گزار سکیں۔
امیر قطر نے بھی اس پریس کانفرنس میں اپنے دورہ تہران پر خوشی کا آظہار کیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ ایسے حالات میں انجام پایا ہے کہ علاقے کو تغیرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے ہمیں باہمی مشاورت اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ صدر ایران کا حالیہ دورہ قطر بہت اہم اور اچھا تھا جس سے ہمیں اپنے برادرانہ اور تاریخی روابط کو وسیع تر کرنے کا موقع ملا۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے روابط اچھی ہمسائگی کے اصولوں پر استوار ہیں اور ہمین یقین ہے کہ اس طرح کے دوروں سے باہمی روابط کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔
امیر قطر نے کہا کہ ہم نے آج کی ملاقات ميں، دونوں کے اقتصادی کمیشن کی نشستوں کے نتائچ کا جائزہ لیا اور باہمی تجارت کا حجم بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم نے سبھی میدانوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
امیر قطر نے کہا کہ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن اور دیگر اسلامی ملکوں کے ساتھ تعمیری روابط کی جوبات کی ہے، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔