سعودی عرب کے وزیر دفاع جناب خالد بن سلمان نے جمعرات 17 اپریل 2025 کی شام رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کر کے اپنے ملک کے فرمانروا کا پیغام ان کے سپرد کیا۔
اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان روابط، دونوں ملکوں کے لیے مفید ہوں گے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتے ہیں۔
انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں فروغ کے بہت سے دشمن ہیں، کہا کہ ان کے دشمنانہ اقدامات پر قابو پانا چاہیے اور ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی بعض پیشرفتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ان میدانوں میں سعودی عرب کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر خطے میں برادران ایک دوسرے سے تعاون کریں تو یہ دوسروں پر انحصار سے کہیں بہتر ہے۔
اس ملاقات میں، جس میں ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل باقری بھی موجود تھے، سعودی عرب کے وزیر دفاع جناب خالد بن سلمان نے اس ملاقات پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران سے تعلقات میں فروغ اور تمام میدانوں میں تعاون کے ایجنڈے کے ساتھ تہران آئے ہیں اور انھیں امید ہے کہ جو تعمیری بات چیت ہوئي ہے وہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے زیادہ مضبوط تعلقات کی راہ ہموار کرے گی۔