امام خمینیؒ کی فکر ظلم کے خلاف جدوجہد کی رہنمائی اور نئی تہذیب کی بنیاد ہے

امام خمینیؒ کی فکر ظلم کے خلاف جدوجہد کی رہنمائی اور نئی تہذیب کی بنیاد ہے

امام خمینیؒ کی فکر اور گفتگو نے نہ صرف ہمارے خطے بلکہ پوری دنیا کے نوجوانوں کے دل و دماغ پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ ان کے بقول امام خمینیؒ کا پیغام آج بھی زندہ ہے، ظلم کے خلاف جدوجہد کی رہنمائی کرتا ہے اور ایک نئی تہذیب کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

امام خمینیؒ کی فکر ظلم کے خلاف جدوجہد کی رہنمائی اور نئی تہذیب کی بنیاد ہے

عراقی ماہر تعلیم اور تعلیمی و ثقافتی امور کے سربراہ، انجینئر جمال نجم عبداللہ نے کہا ہے کہ امام خمینیؒ کی فکر اور گفتگو نے نہ صرف ہمارے خطے بلکہ پوری دنیا کے نوجوانوں کے دل و دماغ پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ ان کے بقول امام خمینیؒ کا پیغام آج بھی زندہ ہے، ظلم کے خلاف جدوجہد کی رہنمائی کرتا ہے اور ایک نئی تہذیب کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مؤسسه تنظیم و نشر آثار امام خمینیؒ کے بین الاقوامی شعبے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ادارے کی بنیادی سرگرمیاں نوجوانوں کی فکری تربیت، ثقافتی آگاہی میں اضافہ اور انتہا پسندی سے بچاؤ پر مرکوز ہیں۔ ادارے کی سرگرمیوں میں طلبہ، قلمکار، کھلاڑی، فنکار اور مذہبی کارکن شامل ہیں۔ ان کے مطابق 1990 کی دہائی کے وسط سے امام خمینیؒ کے افکار کی روشنی میں مسلسل نشستیں منعقد کی جارہی ہیں جنہوں نے ایک سماجی و فکری دھارے کی شکل اختیار کرلی ہے۔

جمال نجم عبداللہ نے کہا کہ جب عراق آمریت کے سائے میں ایک تاریک مستقبل سے دوچار تھا، اس وقت ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی نے پورے خطے کے عوام کو نئی امید اور جدوجہد کا حوصلہ دیا۔ "ہماری نسل نے امام خمینیؒ کے افکار کو ظلم کے خلاف لڑائی کا رہنما اور ایک نئی تہذیب کا نقطہ آغاز سمجھا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں جب دنیا میں سیکولر اور مادی نظریات کا غلبہ تھا، اس وقت مساجد وہ پہلا محاذ بنیں جہاں اسلامی اور سیکولر فکر میں ٹکراؤ ہوا۔ ان کے استاد، جو آزادی اور انصاف کی راہ میں شہید ہوئے، وہ شخصیت تھے جنہوں نے ہمیں امام خمینیؒ کے افکار سے روشناس کرایا۔

عبداللہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بعض عرب ممالک نے اس زمانے میں اسلامی جمہوریہ ایران کو کمزور کرنے اور فلسطین کی حمایت کو روکنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن آج تک یہ جدوجہد جاری ہے۔ ان کے مطابق یہی مخالفت اس بات کا ثبوت ہے کہ امام خمینیؒ کی فکر اور ایران کا انقلابی ماڈل عالمی سیاست پر گہرا اثر ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی عالمی طاقتیں ایران اور اسلامی مزاحمتی محاذ کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کر رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امام خمینیؒ کا پیغام زندہ اور پائیدار ہے۔ آج رہبر معظم انقلاب آیت اللہ خامنہ ای اسی راستے کو آگے بڑھا رہے ہیں اور اسلامی مزاحمت کے تمام محاذوں کے مضبوط حامی ہیں۔

فلسطین کے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ جب فلسطینی عوام بدترین جارحیت اور دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں اور مغربی طاقتیں اسرائیلی مظالم کی کھلم کھلا حمایت کر رہی ہیں، اس وقت امت مسلمہ کو امام خمینیؒ کی بصیرت اور ان کی الہام بخش قیادت سے زیادہ سبق لینے کی ضرورت ہے۔

اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے کہا: آج کے نوجوان امام خمینیؒ کی فکر اور رسالت سے متاثر ہو کر استکبار کے مقابل ڈٹے ہوئے ہیں اور یہی عزم و امید امت مسلمہ کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

ای میل کریں