امام خمینیؒ کے نزدیک اسلامی حکومت کا اصل مقصد مستضعفین کی خدمت ہے:شہریاری
جماران خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجمع جهانی تقریب مذاهب اسلامی کے سیکریٹری جنرل، حجت الاسلام والمسلمین حمید شهریاری نے شرکاء کے ساتھ امام خمینی کے پوتے آیت اللہ سید حسن خمینی سے ملاقات کے موقع ]ر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینیؒ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے تھے کہ اسلامی حکومت کا بنیادی ہدف مستضعفین اور محروم طبقات کی خدمت ہونا چاہیے۔ ان کے نزدیک اگر معاشرے سے فقر و محرومی ختم نہ کی جائے تو انقلاب کے دیگر اہداف بھی خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔
شہریاری نے کہا کہ امام خمینیؒ کی یاد ملت ایران کے دلوں کو روحانیت بخشتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام بارہا اس حقیقت پر زور دیتے رہے کہ "ایک موی کوخنشینان را به همه کاخنشینان نمیدهم" یعنی محروم عوام کی قدر و منزلت دنیاوی اشرافیہ سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کے نزدیک ولایت فقیہ امتداد ولایت الٰہی اور اہلبیتؑ کی تعلیمات کا تسلسل ہے جس نے اسلامی دنیا میں ایک عظیم فکری تحول پیدا کیا۔
شہریاری نے مزید کہا کہ غربت صرف اقتصادی پہلو نہیں رکھتی بلکہ یہ ثقافتی و فکری کمزوری کا سبب بھی بنتی ہے۔ جیسا کہ حدیث شریف میں ہے: "الفقرُ کادَ أن یکونَ کفراً"۔ آج فلسطینی عوام کی حالت اس حقیقت کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ انقلاب سے پہلے ایران کے عوام حتیٰ کہ دارالحکومت تہران میں بھی بنیادی سہولتوں سے محروم تھے، لیکن انقلاب کے بعد دور دراز علاقوں تک پانی، بجلی اور گیس پہنچا دی گئی، جو امام کی محرومنوازی کا نتیجہ ہے۔
شہریاری نے زور دیا کہ امام کا محرومین کے لیے یہ رویہ تمام حکمرانوں کے لیے نمونہ عمل ہونا چاہیے۔ قرآن کریم کے مطابق مستضعفین کمزور نہیں بلکہ وہ افراد ہیں جنہیں طاقتوروں نے دبایا ہوا ہے، اور یہی طبقہ قیادت کا اہل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ کی استقامت اور طاغوت کے خلاف مزاحمت نے دنیا کے مسلمانوں کو بھی حوصلہ دیا۔ اسی فکر کے نتیجے میں علما و نخبگان نے ہر مشکل کے باوجود مظلومین اور مقاومت کی حمایت کی۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ ن حکومت مستضعفان کے نظریے کے ذریعے ایک پائیدار گفتمان قائم کیا جو آج نہ صرف اسلامی وحدت بلکہ انسانی وحدت کی صورت میں دنیا کے سامنے ہے۔ کرامت انسانی، علاقائی سلامتی اور عالمی عدل وہ تین بنیادی اصول ہیں جن پر امام کی فکر استوار ہے۔
شہریاری نے کہا کہ ہم سب امام خمینیؒ اور رہبر معظم انقلاب کے مرہون منت ہیں اور امید ہے کہ ایک دن پوری امت اسلامیہ ایک پرچم تلے متحد ہوگی۔