امام خمینی نے اپنی روحانی اور انقلابی تعلیمات کے ذریعے امت مسلمہ کے لیے خود مختاری و اصلاح کی راہ متعین کی
امام خمینی رح کی چھتیسویں برسی کے موقع پر مختلف ممالک کے علما ، خطباء اور شعراء نے شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹرا کی جانب سے منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کی اور بیسویں صدی کے مرد آہن امام خمینی کو خراج تحسین پیش کیا ۔
کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے ایران کلچر ہاؤس کے ڈائریکٹر جناب محمد رضا فاضل نے امام خمینی کو منفرد مفکر کی حیثیت سے بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی نے اپنی روحانی اور انقلابی تعلیمات کے ذریعے امت مسلمہ کے لیے خود مختاری و اصلاح کی راہ متعین کی۔ ان کے پیغامات آج بھی کروڑوں انسانوں کے لیے مشعلِ راہ بنے ہوئے ہیں ۔
شہر پونا سے مولانا اسلم رضوی نے امام خمینی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ صرف شیعوں یا مسلمانوں کے رھبر نہیں تھے بلکہ دنیا کے تمام مظلوم و محروم افراد کے رہنما تھے ۔
آپ نے کوثر نیازی کا وہ تاریخی شعر پیش کیا جسے امام خمینی کی جانگداز رحلت کے فوراً بعد موصوف نے کہا تھا ۔حال ما در هجر رهبر کمتر از یعقوب نیست :- او پسر گم کردہ بود و ما پدر گم کردہ ایم
ابھی چند دنوں قبل صدر جمہوریہ ہندوستان محترمہ دروپدی مرمو کے ذریعے پدما شری ایوارڈ پانے والے عظیم شاعر و ادیب جناب پروفیسر عین الحسن فیض آبادی نے نثر اور نظم دونوں میں نہایت دلکش انداز میں امام خمینی رح کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی کی پہلی برسی میں، میں میہمان کی حیثیت سے ایران گیا تھا اور وہاں بہشت زہرا میں عوام و خواص کا سیلاب دیکھ کر یہ احساس ہوا کہ امام خمینی اس مرد مجاہد کا نام ہے جس کی حکومت دلوں پر ہے ۔
آپ نے اردو اور فارسی میں اس موضوع پر زبردست اشعار سنائے اختصار کے پیش نظر صرف دو شعر ملاحظہ فرمائیں ۔
این ها که گفته ام غزلی نیست قصه نیست :- باران دردھاست که اشکم گرفته است ۔۔۔نشانی یہ بھی تو اس آخری امام کی ہے :- ہے ابروؤں پہ شکن ذوالفقار کی صورت
ہندوستان کے بزرگ و محترم عالم دین اور ہندوستان کے سب سے بڑے ادارے تنظیم المکاتب کے سیکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے امام خمینی قدس اللہ نفسہ الزکیہ کے فضائل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہر انقلاب وقت کے گزرنے کے ساتھ ختم ہو جاتا ہے لیکن یہ وہ انقلاب ہے جو روز بروز پھیلتا جا رہا ہے اور اس کی روشنی دلوں کو روشن و منور کر رہی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اس انقلاب میں وہ روشنی موجود ہے جسے شب عاشور امام حسین علیہ السلام نے چراغ گل کر کے پیشِ کیا تھا۔ مولانا صفی حیدر نے فرمایا کہ امام خمینی کی زندگی میں ہر ایک یہ سوچتا تھا کہ امام خمینی کے بعد انقلاب کی باگ ڈور کس کے ہاتھوں میں آئیگی لیکن الحمد للہ رہبر معظم نے نائب امام کی حیثیت سے اس کی حفاظت بھی کی اور اسے مضبوط بھی کیا ۔
ملک ہندوستان کے معرف خطیب مولانا کاظم مہدی عروج نے امام خمینی کی بارگاہ اقدس میں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کے انقلاب کی دھمک پوری دنیا میں محسوس کی جا رہی ہے آپ کا وہ نعرہ لا شرقیہ ولا غربیہ مسلمانوں کی کھوئی ہوئی حیثیت کو واپس لانے میں بھی کامیاب ہوا اور ملت تشیع کو پہچنوانے میں بھی ۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ امام خمینی کے چھوڑے ہوئے نقوش سے درس لے کر ہمیں ایسا کام کرنا چاہیے کہ وہ امام خمینی کی بارگاہ میں خراج عقیدت بن جائے ۔
اردو زبان کے ایک مشہور و بزرگ شاعر ولایت جناب ہلال نقوی نے نہایت جاذب انداز میں بارگاہ مولائے متقیان ع اور ان کے حقیقی پیروکار امام خمینی رح کی عظمت کو اشعار کی زبان سے بیان فرمایا صرف دو شعر ملاحظہ ہوں ۔
مداح ہیں علی کے وطن ملک ہند ہے :- اردو میں بات کرتے ہیں شاہ عرب سے ہم
ان کا احساں ہے ملک ایراں پر :- ساری دنیا میں ہے اٹھائے جو سر
معروف خطیب حجۃ الاسلام و المسلمین سید عقیل الغروی نے امام خمینی کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی نے انقلاب کے فوراً بعد لا شرقیہ ولا غربیہ کا نعرہ بلند کیا یہ نعرہ وہی لگا سکتا ہے جس کا دل منور ہو اس مشکات سے جس کا تذکرہ سورہ مبارکہ نور میں ہے جب تک قلب اس نور سے منور نہ ہو ممکن نہیں ہے کہ لا شرقیہ ولا غربیہ کا نعرہ لگائے ۔ دنیا میں جتنی تحریکیں آئی ہیں ہر تحریک کے پیچھے کوئی نہ کوئی استعمار رہا ہے لیکن یہ وہ تحریک ہے جو تمام استعماری طاقتوں کے خلاف آئی ہے یہ اس لیے ہوا کہ حضرت حق سبحانہ و تعالیٰ پر ان کا یقین ، توکل ، اخلاص تھا ۔
ایران کونسلیٹ کے سربراہ جناب آقای حسن محسنی فرد نے اس کانفرنس کے انعقاد پر شیعہ علما بورڈ مہاراشٹرا کی ستائش کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ میں آج اس با وقار کانفرنس میں آپ کے درمیان موجود ہوں جو حضرت امام روح اللہ خمینی کو یاد کرنے کے لیے برگزار کی گئی ہے ۔ آپ نے امام خمینی کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے عالم انسانیت کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ بین المذاھب مکالمے کے سلسلے میں امام خمینی کے اخلاص کا ایک اہم مظہر ان کا تاریخی خط ہے جو انہوں نے پوپ جان پال دوم کو تحریر کیا ۔ اس خط میں امام خمینی نے مذہبی رہنماؤں سے عالمی سطح پر استعمار ، نا انصافی اور مظلوموں پر ظلم و تعدی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔
کانفرنس کی نظامت ایس این این چینل کے ایڈیٹر ان چیف اور شیعہ علماء بورڈ مہاراشٹرا کی مجلس مشاورت کے رکن جناب مولانا علی عباس وفا نے کی اور اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔