قرآن وعترت؛ امت مسلمہ کی وحدت کا محور؛ امام خمینی (رح) کی افکار کی روشنی میں

قرآن وعترت؛ امت مسلمہ کی وحدت کا محور؛ امام خمینی (رح) کی افکار کی روشنی میں

امام خمینی (رح) کے آثار و افکار کو منظم کرنے اور شائع کرنے والے ادارے (مؤسسه تنظیم و نشر آثار امام خمینی ره) نے پاکستان کی جامعہ روحانیت بلتستان کے تعاون سے بدھ، 23/ جولائی کو مقدس شہر قم میں "قرآن وعترت؛ امت مسلمہ کی وحدت کا محور؛ امام خمینی (رح) کی افکار کی روشنی میں" کے عنوان سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا

امام خمینی (رح) کے آثار و افکار کو منظم کرنے اور شائع کرنے والے ادارے (مؤسسه تنظیم و نشر آثار امام خمینی ره) نے پاکستان کی جامعہ روحانیت بلتستان کے تعاون سے بدھ، 23/ جولائی کو مقدس شہر قم میں "قرآن وعترت؛ امت مسلمہ کی وحدت کا محور؛ امام خمینی (رح) کی افکار کی روشنی میں" کے عنوان سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اس پروگرام کا آغاز حجت‌الاسلام حافظ محمد علی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔

سیدالشہداء حضرت اباعبد اللہ الحسین (علیہ‌السلام) سے عقیدت کے اظہار میں برادر جناب حسین ذاکری نے اشعار پڑھے اور اجلاس کی نظامت کی ذمہ‌داری پاکستان کی جامعہ روحانیت بلتستان کے سکریٹری جناب محمد سجاد شاکری نے سنبھالی۔

جناب محمد سجاد شاکری نے اپنی افتتاحی تقریر میں طلباء، علماء اور مہمانوں کی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امام خمینی (رح) کے آثار و افکار کو منظم کرنے اور شائع کرنے والے ادارے اور اس کے متعلقہ افراد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے امام خمینی (رح) کی فکر کی روشنی میں تحریک حسینی (علیہ‌السلام) اور خمینی تحریک (رح) کے گہرے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بیان کیا کہ امام خمینی (رح) کے قول کے مطابق، تحریک حسینی نے اسلام کو زندہ کیا اور اسلامی انقلاب ایران کی کامیابی کا راز تحریک حسینی سے متاثر ہونا ہے۔ دوسرے الفاظ میں، خمینی انقلاب، حسینی انقلاب کا احیاء گر ہے اور حسینی انقلاب، خالص محمدی اسلام کا احیاء گر ہے۔

حوزہ علمیہ کے استاد، حضرت آیت‌اللہ شیخ غلام‌عباس رییسی نے اپنی تقریر میں بیان کیا کہ قرآن الٰہی تعلیمات کا مجموعہ ہے اور سنت، نبوی تعلیمات (صلی‌الله‌علیہ‌و‌آلہ‌وسلم) کا مجموعہ ہے، انہوں نے وضاحت کی کہ یہ دونوں مل کر اسلام کا مکمل نظام بناتے ہیں جس کی پیروی ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے ایک اہم نکتہ کی طرف اشارہ کیا کہ امام خمینی (رح) نے اپنے وصیت نامے میں سنت کی بجائے "عترت" کا لفظ استعمال کیا ہے اور بیان کیا کہ عترت مقدس شخصیات ہیں جن کے ذریعے پیغمبر (صلی‌الله‌علیہ‌و‌آلہ‌وسلم) کی سنت صحیح اور یقینی طور پر منتقل ہوتی ہے۔ لہٰذا، عترت اور سنت کے درمیان کوئی تضاد نہیں ہے بلکہ عترت سنت تک پہنچنے کا ایک قابل اعتماد راستہ ہے۔

آیت‌اللہ رییسی نے امام خمینی (رح) کے ان بیانات کی طرف اشارہ کیا جہاں انہوں نے فرمایا ہے: "قرآن اور عترت اس قدر مظلوم ہوئے ہیں کہ قلم لکھنے سے شرمندہ ہے۔" یہ بات اسلامی وحدت کو برقرار رکھنے یا دیگر سیاسی و سماجی وجوہات کی بنا پر کہی گئی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے قرآن پر ظلم کو حدیث کی کتابت پر پابندی سے بھی جوڑا جس کی وجہ سے امت نبوی تفسیر قرآن سے محروم ہوگئی۔

اس کے بعد، انہوں نے امام حسین (علیہ‌السلام) کی عظیم قربانی کا ایک اہم تاریخی فریم ورک میں تجزیہ کیا اور کہا کہ بنی امیہ نے قرآن اور سنت کی تعلیمات کو نظر انداز کرتے ہوئے دور جہالت کو دوبارہ زندہ کیا اور یزیدیت کے فلسفے کو مسلط کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف امام حسین (علیہ‌السلام) نے کربلا میں ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

آیت‌اللہ رییسی نے قرآن اور عترت کو ایک اٹوٹ نظام قرار دیا اور نیزے پر امام حسین (علیہ‌السلام) کے مقدس سر کی تلاوت قرآن کی روایت کا حوالہ دیتے ہوئے بیان کیا کہ اگر عترت کا سر نیزے پر گیا تو قرآن بھی اس کے ساتھ ہے۔

انہوں نے امام سجاد (علیہ‌السلام) کے کلمات کا حوالہ دیا کہ اللہ نے اہل بیت کے دشمنوں کو احمق پیدا کیا ہے تاکہ وہ یہ سوچیں کہ اگر وہ اہل بیت کو قید کر لیں تو امت کو ڈرا سکتے ہیں؛ لیکن اہل بیت (علیہم‌السلام) نے صبر اور حکمت سے کوفہ اور شام کو فتح کیا اور یزید کی حماقت کو آشکار کیا۔

آیت‌اللہ رییسی نے تاکید کی کہ کربلا اور امام حسین (علیہ‌السلام) کی تحریک کا اسلامی انقلاب ایران پر بہت گہرا اثر ہے اور انقلاب کی کامیابی کا راز امام حسین (علیہ‌السلام) کی عزاداری ہے۔ امام خمینی (رح) نے عاشورا کو انقلاب کی روح اور ہدف قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا اور اسلامی انقلاب کے درمیان مضبوط تعلق نے اس تحریک کو نہ صرف کامیاب بلکہ پائیدار بھی بنایا ہے اور سخت ترین حالات میں بھی استقامت بخشی ہے۔ 46 سال گزرنے کے بعد، انقلاب کی کامیابی اور رہبر انقلاب کی پائیداری کا راز بھی یہی عزاداری اور تحریک عاشورا ہے جس کی وجہ سے رہبر انقلاب نے بہادری اور بغیر کسی خوف کے دشمنوں کے مقابلے میں کھڑے ہوئے اور ان کا عزم کبھی نہیں ٹوٹا۔

تقریب کے اختتام پر، امام خمینی (رح) کے آثار و افکار کو منظم کرنے اور شائع کرنے والے ادارے نے امام خمینی (رح) کی دو نفیس کتابیں تمام حاضرین کو پیش کیں۔

ای میل کریں