اسلامی انقلاب کی کامیابی کا راز معنوی طاقت تھی:امام خمینیؒ ن
امام خمینی پورٹل کی رپورٹ کے مطابق اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینیؒ نے انقلابِ اسلامی کی کامیابی کو طاقتِ معنوی اور الٰہی مدد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے ایک ایسے طاقتور اور مسلح نظام کا مقابلہ کیا جس کے پیچھے دنیا کی بڑی بڑی حکومتیں کھڑی تھیں، لیکن اس کے باوجود فتح عوام کے حصے میں آئی۔
امام خمینیؒ نے فرمایا کہ جب ایرانی عوام نے شاہی رژیم کے خلاف قیام کیا تو ان کے پاس نہ اسلحہ تھا، نہ فوجی تربیت اور نہ ہی ظاہری طاقت، جبکہ دوسری طرف ایک ایسا نظام تھا جو جدید جنگی ساز و سامان سے لیس تھا اور جس کی پشت پناہی امریکا اور برطانیہ سمیت عالمی طاقتیں کر رہی تھیں۔ اس کے باوجود یہ ظاہری طور پر طاقتور رژیم عوام کے عزم کے سامنے ٹک نہ سکا۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب کی کامیابی کسی فرد یا گروہ کی مرہونِ منت نہیں تھی، بلکہ یہ خدا کی عطا کردہ روحانی طاقت کا نتیجہ تھی۔ امامؒ کے مطابق، وہی قوم جو کبھی سکیورٹی اداروں کا نام سن کر کانپ جاتی تھی، اسی قوم نے جرأت کے ساتھ شاہ، سکیورٹی اداروں اور پورے شاہی نظام کو مسترد کر دیا۔
امام خمینیؒ نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے پاس جو تھوڑا بہت اسلحہ بعد میں آیا، وہ بھی دشمن سے حاصل کیا گیا، ورنہ انقلاب کے آغاز میں قوم مکمل طور پر نہتے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل قوت وہ روحانی بیداری تھی جو خدا نے عوام کے دلوں میں پیدا کی اور اسی نے قوم کو بدل کر رکھ دیا۔
آخر میں امام خمینیؒ نے توجہ دلائی کہ افراد کی حد سے زیادہ تعریف نہیں کی جانی چاہیے، کیونکہ اصل طاقت اور کامیابی صرف خدا کی طرف سے ہے، اور انسان اس کے سامنے محض ایک کمزور بندہ ہے۔