امام خمینی (رح) کے تقوا کے حوالے سے ایک واقعہ یاد ہی جو کہ امام (رح) کے فرزند آقا مصطفی نے مجھے سنایا تھا اور وہ یہ کہ:
ایک دن میں نے ایک طالب علم کی امام (رح) کے حضور سفارش کی، تاکہ اسے کچھ مالی مدد مل جائے۔ لیکن امام (رح) نے میری بات پر توجہ نہ دی اس پر میں نے دوسری مرتبہ پھر گزارش کی، لیکن پھر آپ (رح) نے میری بات پر توجہ نہ دی، لہذا میں امام (رح) کے اس رویے پر تعجب کرنے لگا کہ آخر ایسا کیوں ہو رہا کہ میری بات پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ لیکن جب میں نے تیسری مرتبہ سوال کیا تو اس وقت امام (رح) نے مجھے جواب دیتے ہوئے فرمایا:
مصطفی یہ الماری جو آپ دیکھ رہے ہیں میرے پاس جتنا پیسہ ہے وہ اسی کے اندر ہے۔ اور یہ اس الماری کی چابی ہے یہ چابی میں آپ کے حوالے کرتا ہوں اور آپ کو اجازت ہےکہ جتنا پیسا آپ اس طالب علم کو دینا چاہیں دے دیں۔ لیکن ایک شرط پر، اور وہ شرط یہ ہے کہ کل قیامت کے دن اس کے بدلے اگر عذاب جہنم سے دوچار ہونا پڑے تو اس کو خود برداشت کرنا۔ اور دیکھیں میں اس بات پر بالکل متفق نہیں ہوں کہ اس جیسے غیر مستحق لوگوں میں بیت المال تقسیم کروں۔ یہ آدمی اس قابل نہیں ہے کہ اس کو سہم امام دیا جائے....... اگر آپ عذاب جہنم پر راضی ہیں تو یہ الماری! یہ اس کی چابی اور یہ پیسے سب آپ کے اختیار میں ہیں۔