گورباچف کو امام خمینی(رح) کے پیغام کے ذریعہ آپ(رح) کی خدائی ودینی شخصیت کی گہرائی ہمارے لئے عیان ہوجاتی ہے۔ یہ پیغام دونوں ملکوں کی تاریخ اور جہان معاصر کی تاریخ میں ہمیشہ باقی رہے گا اور دونوں ملکوں کی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔ امام خمینی(رح) ایک روحانی اور عرفانی شخصیت کے حامل تھے۔ آپ(رح) پوری دنیا کے بارے میں اسی نکتہ نگاہ سے دیکھتے تھے اور صرف یہ نکتہ نگاہ ہے جو انسانِ معاصر کو دینی اور اسلامی پہلو کی جانب رغبت دلاتا ہے ۔ جہان معاصر نے اس پیغام میں امام خمینی(رح) کی شخصیت کو پالیاہے۔ آپ(رح) کی بلند روح قابل تعریف ہے ۔ اس غفلت زدہ دور میں اس پیغام نے جمہوری روس کے تمام لوگوں کو متأثر کیا اور ان میں تبدیلی پیدا ہوئی ۔ ہم کبھی یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ اتنی جلدی اذان کی دلنشین آواز مساجد کے مناروں سے سن پائیں گے اور امام خمینی(رح) ایسی سعادت کی نوید تھے۔